حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام و المسلمین مسعود انصاری نے نیودر ٹاون میں انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: آج اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام اس کے خلاف منفی پروپیگنڈے کرنے والوں کا عزت و سربلندی سے مقابلہ کر رہا ہے۔
حجت الاسلام انصاری نے کہا: آج اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے دفاعی سسٹم میں بہت زیادہ پیشرفت کی ہے اور ایسے میزائل تیار کئے ہیں جو درست نشانے پر بیٹھتے ہیں۔
قزوین میں مدرسہ علمیہ کے استاد نے کہا: آج اگر ایران میں بے مثال امن قائم ہے تو یہ شہداء دفاع مقدس اور شہداء مدافع حرم کی قربانیوں کی وجہ سے ہے کیونکہ اگر شہداء اور امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کی حکیمانہ قیادت نہ ہوتی تو ہمارا انجام بھی افغانستان اور عراق جیسا ہوتا۔
حجت الاسلام انصاری نے کہا: اس انقلاب کی کامیابی میں ان جوانوں کا بہت بڑا حصہ ہے کہ جنہوں نے شہنشاہ کے زندانوں میں بدترین شکنجوں کو برداشت کیا لیکن ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے کہا: ہم سب کو شہداء کے نقش قدم پر چلنا چاہیے کیونکہ شہداء ہی ہیں جنہوں نے ہمیں عزت و آبرو دی۔
دینی علوم کے اس استاد نے کہا: ہمارا انقلاب برحق انقلاب ہے اور شہیدوں نے اسلام اور اسلامی اقدار کا دفاع کرتے ہوئے شہادت کے مرتبہ کو حاصل کیا ہے پس ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں شہادت اور قربانی کی ثقافت کو ترویج کریں۔